ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / برہان وانی کے حق میں لکھے پوسٹ کو ہٹانے کے بعد عمر خالد نے کیاطنز 

برہان وانی کے حق میں لکھے پوسٹ کو ہٹانے کے بعد عمر خالد نے کیاطنز 

Mon, 11 Jul 2016 21:20:09  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی،11؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کشمیر میں مارے گئے حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کے حق میں ایک پوسٹ لکھ کر جے این یو کے طلبہ لیڈر عمر خالد ایک بار پھر تنازعات میں گھر گئے ہیں۔تاہم اتوار کی صبح فیس بک پر کئے گئے اس پوسٹ کو خالد نے دوپہر تک ہٹا دیا تھا اور اس کی جگہ ایک اور پوسٹ کر کے انہوں نے طنز بھرے لہجے میں اپنے پہلے پوسٹ کے لیے معافی مانگی۔خالد نے اس نئے پوسٹ میں لکھا کہ ٹرولر فوج، میں اپنی شکست تسلیم کرتاہوں۔ظاہر ہے اتنی بڑی تعداد میں ایک ساتھ ٹرول کرنے والوں کا بھلا میں کس طرح سامنا کر پاتا۔جی ہاں، میں غلط تھا، مجھے تو آپ کے ساتھ مل کر اس کی موت کا جشن منانا چاہیے ،غدار، دہشت گرد، انتہا پسند ،مجھے بھی آپ کے سر میں سر ملانا چاہیے تھا۔مجھے معاف کیجئے، میں آپ سے معافی چاہتا ہوں۔کل سے میں نے اپنی قوم پرست انا کو مطمئن کرنے میں لگ جاؤں گا۔میں قتل، عصمت دری، تشدد، گمشدگی، افسپااور ایسی ہر بات کا جشن مناؤں گا۔ صرف برہان وانی ہی کیوں، میں سمیر راہ کے قتل کی بھی صفائی دوں گا۔وہ 12سال کا لڑکا جسے 2010میں پیٹ پیٹ کر مار ڈالا گیا تھا۔آسیہ اور نیلوفر کی بھی سوفین میں عصمت دری اورپھر قتل نہیں ہوا تھا، وہ قریب کے ایک نالے میں ڈوب کر مر گئیں تھیں۔17سال کا طفیل مٹو بھی مرنے کے ہی قابل تھا۔آخر وہ مظاہرین کے ارد گرد کیا کر رہا تھا،غلط وقت پر غلط جگہ تھا، اسی کی غلطی تھی،اور ہاں ہندواڑہ اور کنن پوشپورہ میں بھی کبھی کچھ نہیں ہوا۔عمرخالدنے اپنے پوسٹ میں آگے لکھاکہ کل سے میں شتر مرغ بن جاؤں گا، اپنی دھونس جماؤں گا، اور وہ ظالم بھی بن جاؤں گاجسے اقتدار کی طاقت ملنے کے بعدکمزوروں پر مصائب کے پہاڑ توڑنے میں بڑامزہ آتا ہے،لیکن میرے ساتھی ،قوم پرستوں سے میرا صرف ایک چھوٹاساسوال ہے، کیا ان سب سے کشمیر کے زمینی حالات بدل جائیں گے ؟۔اس سے پہلے عمرخالد نے اپنے فیس بک پوسٹ میں چے گوئیرا کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھاکہ میرے گرنے کے بعد اگر کوئی دوسرا میری بندوق اٹھاکرلڑائی جاری رکھتا ہے تو مجھے کوئی پرواہ نہیں ہے۔چے گوئیرا کے یہ لفظ برہان وانی کے الفاظ بھی ہو سکتے تھے۔خالد نے حالانکہ چند گھنٹوں بعد اپنے اس پوسٹ کو ہٹا لیاتھا۔انہوں نے وانی کو بہادر قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کرتے ہوئے کہاتھا کہ برہان موت سے نہیں ڈرتا تھا، وہ غلامی کے سائے میں رہنے والی زندگی سے ڈرتا تھا۔وہ اس سے نفرت کرتا تھا۔وہ آزاد انسان کی طرح زندہ رہا ، آزاد مرا۔برہان، تجھے خراج عقیدت ۔میں کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہوں۔


Share: